وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیر چوک کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اہلکار شدید زخمی ہو گیا اور اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق زخمی اہلکار کی شناخت اے ایس آئی امتیاز احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو سیکیورٹی ڈویژن میں تعینات ہیں۔ حملے میں ان کے بازو، پیٹ اور گردن پر چاقو کے گہرے زخم آئے ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے بھی واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں۔






















































































