عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور پالیسیوں پر عملدرآمد کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے باوجود پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھا۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے اقتصادی جائزوں کی منظوری دیتے ہوئے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تیسرے اور موسمیاتی فنڈنگ پروگرام کے دوسرے جائزے کو مکمل قرار دے دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کو قرض پروگرام کی اگلی قسط کے تحت فوری طور پر 1.1 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے، جس سے ملکی معیشت کو مزید سہارا ملنے کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر موسمیاتی فنڈنگ کی مد میں 22 کروڑ ڈالر بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات کو تقویت دی جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اب تک دونوں پروگرامز کے تحت مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر حاصل کر چکا ہے، جبکہ معاشی اصلاحات کے تسلسل پر بھی زور دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مشکل علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود معاشی نظم و ضبط برقرار رکھا اور اصلاحاتی پروگرام پر مؤثر انداز میں عمل جاری رکھا۔























































































