ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی حملوں کے جواب میں خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ اور کویت کے اہم فوجی اڈے شامل ہیں۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نئی کارروائیاں کرتے ہوئے بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کے فوجی اور مواصلاتی مراکز کو نشانہ بنایا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حملوں میں مواصلاتی اینٹینا اور فضائی دفاعی نظام سے متعلق ریڈار مراکز کو ہدف بنایا گیا۔
دوسری جانب بحرین کی وزارت داخلہ نے فضائی حملے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکی فضائی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق دو مختلف مرحلوں میں مجموعی طور پر 18 اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کویت میں علی السالم اور احمد الجابر فضائی اڈوں جبکہ بحرین میں شیخ عیسیٰ فضائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
تاہم امریکا، بحرین اور کویت کی جانب سے ایرانی دعوؤں کی مکمل تصدیق یا ممکنہ نقصانات سے متعلق تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔






















































































