اسلام آباد: یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کی عالمی یومِ آبادی کے موقع پر جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 76 فیصد نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے پُرامید ہیں، جبکہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے مواقع، فیصلوں اور صلاحیتوں سے وابستہ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی مجموعی آبادی تقریباً 25 کروڑ 72 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک کی ایک تہائی آبادی کی عمر 10 سے 24 سال کے درمیان ہے، جو نوجوان آبادی کے اہم کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ 76 فیصد نوجوان مستقبل کے بارے میں پُرامید ہیں، تاہم 53 فیصد نوجوان سکیورٹی، معاشی مسائل اور عدم مساوات جیسے چیلنجز کے باعث تشویش کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو بھی مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔
یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے اور انہیں بہتر روزگار کے مواقع دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی سے متعلق پالیسی کا مقصد صرف آبادی میں اضافہ یا کمی نہیں بلکہ بنیادی حقوق اور آزادانہ انتخاب کو یقینی بنانا بھی ہے۔























































































