یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحری ناکہ بندی کی مبینہ خلاف ورزی پر سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے۔
انصار اللہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نشانہ بنائے گئے ٹینکرز نے گروپ کی جانب سے عائد کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی، جس کے بعد ان پر کارروائی کی گئی۔
دوسری جانب سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرۂ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت کے ایک جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم عملے کے تمام افراد محفوظ رہے۔
اس سے قبل برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے بھی اطلاع دی تھی کہ سعودی عرب کے ساحلی علاقے الشقیق سے تقریباً 70 ناٹیکل میل دور ایک جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹینکر کے کپتان نے بتایا کہ آگ میزائل لگنے کے باعث بھڑکی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل انصار اللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام یمن پر عائد محاصرے اور صنعا ایئرپورٹ کی بندش کے ردعمل میں کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حملے سے متعلق دعوے انصار اللہ کے بیان پر مبنی ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل تفصیلات آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکیں۔



















































































