پنجاب میں جاری مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 21 ہو گئی ہے، جبکہ مختلف حادثات میں 154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 21 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 15 افراد عمارتیں گرنے کے واقعات میں جاں بحق ہوئے، جبکہ کرنٹ لگنے سے 3، آسمانی بجلی گرنے سے 2 اور پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جان سے گیا۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران 38 مکانات بھی جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خستہ حال عمارتوں میں رہائش سے گریز کریں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔

















































































