اسلام آباد میں لانگ مارچ کے پیش نظر شہر کے 24 سرکاری تعلیمی ادارے 22 ستمبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اضافی پولیس نفری کے لیے رہائش کا انتظام سرکاری اسکولوں میں کیا جا رہا ہے، جس کے باعث یہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بند کیے جانے والے اسکولوں میں فی الحال تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ آن لائن تعلیم یا متبادل تعلیمی ذرائع کے حوالے سے وفاقی نظامت تعلیم کی جانب سے تاحال کوئی پالیسی تیار نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے باعث وفاقی دارالحکومت کی مختلف شاہراہوں پر کنٹینر کھڑے کر دیے گئے ہیں۔























































































