ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں اور تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ دونوں ممالک مقامی اور علاقائی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکی دباؤ نے مسلم ممالک کے درمیان مزید قربت اور روابط کو فروغ دیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان تجارت، معیشت، سیاحت اور سیاست سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی ایران کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔























































































