ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جوہری بم کے حصول سے متعلق سوال کا تین الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا: ’’ہرگز، ہرگز نہیں‘‘۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جمعرات کو سختی سے تردید کی کہ ایران جوہری بم حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو بین الاقوامی معائنے کے لیے پیش کرنے پر تیار ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے مشرقِ وسطیٰ میں تقریباً سات ماہ سے جاری جنگ کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیا۔
خصوصی انٹرویو کے دوران امریکی میڈیا نے ایرانی صدر سے پوچھا کہ کیا ایران نیوکلیئر بم چاہتا ہے؟ اس پر مسعود پزشکیان نے تین الفاظ میں جواب دیا: ’’ہرگز، ہرگز نہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے شہید اور قابلِ احترام سپریم لیڈر نے کئی مرتبہ اعلان کیا تھا کہ شرعی حکم کی رو سے جوہری ہتھیاروں کا حصول غیر مذہبی اور غیر قانونی ہے۔
ایرانی صدر نے انٹرویو میں کہا کہ ایران کو معاہدے کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں۔ ان کے مطابق ایران نے امریکی صدر کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا، جس پر دستخط بھی ہوئے اور معاہدہ طے پاگیا تھا۔ ایران اسی بنیاد پر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے اور اب بھی یہی خواہش رکھتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران پر حملہ کیا اور ان کے قابلِ احترام سپریم لیڈر، سائنسدانوں، فوجی کمانڈروں اور حکومتی شخصیات کو شہید کیا۔






















































































