وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور ابہا کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور حملوں میں شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے سعودی افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے حوثی ملیشیا سے سعودی عرب پر حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان واقعات میں 3 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے۔

















































































