امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبیل امن انعام حاصل کرنے کی خواہش ایک بار پھر پوری نہ ہوسکی، 2026 کا نوبیل امن انعام جنوبی افریقا کی معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی وکیل ناوانیتھم ’ناوی‘ پلے کو دینے کا اعلان کردیا گیا۔
ناروے کی نوبیل کمیٹی نے ناوی پلے کو امن اور بین الاقوامی قانون کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں اس سال کے نوبیل امن انعام کا حقدار قرار دیا۔
1941 میں جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں بھارتی نژاد تامل خاندان میں پیدا ہونے والی ناوی پلے نے نسلی امتیاز کے دور میں پرورش پائی اور امتیازی سلوک کا سامنا کرتے ہوئے قانون کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ جنوبی افریقا کی ہائی کورٹ میں جج بننے والی پہلی غیر سفید فام خاتون بھی تھیں۔
اپنے ابتدائی قانونی کیریئر میں انہوں نے نسل پرستی کے خلاف سرگرم کارکنوں اور سیاسی قیدیوں کا دفاع کیا اور بعد ازاں بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق اور انصاف کیلئے کام کیا۔
جنوبی افریقا میں نسل پرستانہ نظام کے خاتمے کے بعد ناوی پلے روانڈا کیلئے قائم بین الاقوامی فوجداری ٹریبونل کی جج بنیں، جہاں انہوں نے بین الاقوامی فوجداری قانون کی تشکیل اور جنگی جرائم کے مقدمات میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جج بھی رہیں جبکہ 2008 سے 2014 تک اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہیں۔
ناوی پلے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔ ان کی سربراہی میں کمیشن نے غزہ میں اسرائیل پر نسل کشی کے الزامات عائد کیے تھے، جنہیں اسرائیل نے مسترد کردیا تھا۔
نوبیل کمیٹی کے مطابق ناوی پلے کی طویل جدوجہد بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق اور جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے ذمہ داروں کے احتساب کیلئے ان کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
امن کا نوبیل انعام ناروے کی نوبیل کمیٹی کی جانب سے دیا جاتا ہے۔ نوبیل انعامات کا آغاز سویڈش صنعت کار اور ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبیل کی وصیت کے تحت ہوا اور پہلی مرتبہ 1901 میں یہ اعزازات دیے گئے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی نوبیل امن انعام حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں اور رواں ہفتے بھی انہوں نے کہا تھا کہ وہ خود کو اس انعام کا مستحق سمجھتے ہیں، تاہم انہیں اپنے انتخاب کے امکانات پر شبہ ہے۔

















































































