پرتگال نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سہولت کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ بھی کیا ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔
صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز سامنے آئی۔ پرتگالی وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے وزیر زراعت کے جلد دورہ پاکستان کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
اس سے پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں پرتگالی وزیر خارجہ نے امن، سفارتکاری اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
















































































