ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا نظام بہتر بنانے کے لیے 25 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دی ہے۔ بینک کے مطابق اس معاونت سے نجی سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اے ڈی بی نے کہا کہ مالی معاونت حکومت کو پائیدار ترقیاتی منصوبے تیار کرنے اور انہیں سرمایہ کاری کے قابل بنانے میں سہولت دے گی۔ اس کا مقصد اعلیٰ معیار کے کم لاگت انفرااسٹرکچر منصوبوں کی تیاری میں معاونت بھی ہے۔
بینک نے منصوبوں کی شفاف جانچ اور مالیاتی خطرات کے بہتر انتظام کو ضروری قرار دیا۔ مجوزہ اقدامات میں وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے شعبوں کو یکجا کرنا شامل ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق چار وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ 2026 سے 2030 کے لیے درمیانی مدت کے سرمایہ کاری منصوبوں کی پائپ لائن منظور ہوگی۔




















































































