پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں مِنی اردو ہائیکو مشاعرے کا انعقاد
منگل 21 مئی 2024ء کی شام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن (پی جے سی اے) سندھ اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اشتراک سے قونصل خانہ جاپان، کراچی کے زیرِ سرپرستی منِی اردو ہائیکو مشاعرے کا انعقاد ہوا۔ مشاعرے کا آغاز اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام سے ہوا۔ تلاوت قرآن پاک علاقے کی یونین کونسل کے چیئر میں ڈاکٹر خالد محمود نےفرمائی۔مشاعرے کی صدارت معروف ماہر ِتعلیم، شاعر، ادیب، محقق و نقاد محترم پروفیسر سحر انصاری نے فرمائی۔ جبکہ سید معراج جامی اس مشاعرے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔
مشاعرے کی نظامت کے فرائض محترمہ وضاحت نسیم نے سر انجام دئیے جو بذاتِ خود معروف شاعرہ بھی ہیں اور جاپانی زبان کی استاد بھی۔ پی جے سی اے سندھ کے جنرل سیکرٹری جناب سلیم احمد نے مشاعرے سے قبل اپنے خطاب میں فرمایا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہائیکو شاعرے کے انعقاد کا مقصد اس آرٹس کونسل کے گردو نواح میں رہنے والے صاحبانِ ذوق کو ہائیکو صنفِ سخن سے روشناس کروانا ہے۔
سلیم صاحب نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پی جے سی اے سندھ ، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اشتراک سے آرٹس کونسل ڈسٹرکٹ سینٹرل کے قرب و جوار میں بسنے والے احبابِ ذوق کے لئے آئیندہ بھی یہاں ہائیکو مشاعروں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔
سلیم احمد نے قونصل خانہ جاپان، کراچی اور پی جے سی اے سندھ کی نمائیندگی کرتے ہوئے آرٹس کونسل کی انتظامیہ، صدرِ مشاعرہ محترم پروفیسر سحر انصاری اور مہمانِ خصوصی سید معراج م جامی اور تما م حاضرینِ محفل کا مشاعرے میں شرکت اور اسے کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، ڈسٹرکٹ سینٹرل کا قیام جب سے عمل میں آیا ہے یہاں ہائیکو مشاعرے کا انعقاد پہلی بار ہوا ہے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کو آرڈینیٹر محترم رومی شمائل اور شاہد محی الدین نے بھی آرٹس کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے حاضرینِ محفل سے خطاب فرمایا۔
مشاعرے میں شریک شعرائے کرام میں شاہ فہد، فاروق احمد ذاکر، زاہد حسین، شازیہ عالم شازی، حمیدہ کشش، افروز رضوی، سید انور جاوید ہاشمی، شہزاد نیاز، صفدر علی انشاء، یاسر چغتائی شامل تھے۔
نظامت کار محترمہ وضاحت نسیم نے مشاعرے کے آغاز پر ہی اپنی ہائیکو پیش کیں۔ جبکہ مشاعرے کے اختتام سے قبل مہمان خصوصی سید معراج جامی اور صدر مشاعرہ محترم پروفیسر سحر انصاری نے اپنے ہائیکو
کلام سے حاضرینِ محفل کو محظوظ کیا۔ بعد ازاں مشاعرہ محترم پروفیسر سحر انصاری کے صدارتی خطاب پر اختتام پذیر ہوا۔