ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں واقع ماہشہر کے ایک اہم پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر اسرائیلی حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق خوزستان کے ایک سکیورٹی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی افواج نے ماہشہر میں واقع کارون پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا۔
عہدیدار کے مطابق حملے کے نتیجے میں تنصیب کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم نقصانات کی مکمل نوعیت اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے ماہشہر میں واقع پیٹروکیمیکل کمپلیکس کے متعدد اہداف پر حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائی سے متعلق مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
ماہشہر ایران کے اہم صنعتی اور توانائی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں متعدد پیٹروکیمیکل تنصیبات اور توانائی سے متعلق منصوبے موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے حملے خطے کی توانائی کی رسد اور علاقائی سلامتی پر اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
تاحال ایرانی حکام کی جانب سے پیداوار پر ممکنہ اثرات یا جانی نقصان کے حوالے سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔






















































































