کراچی میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سخت کرتے ہوئے شارع فیصل پر لین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف ای چالان کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یکم جون سے جدید ای سسٹم کے ذریعے لین کی خلاف ورزی پر سیکڑوں چالان جاری کیے گئے، جن میں زیادہ تر موٹرسائیکلیں، رکشے اور کمرشل گاڑیاں شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ شارع فیصل پر فاسٹ ٹریک میں چلنے والی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور کمرشل گاڑیوں کے ای چالان کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات کی روک تھام ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال دائیں جانب دوسری لین میں آنے والے موٹرسائیکل سواروں کو چالان نہیں بھیجے جا رہے، تاہم یہ رعایت عارضی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور کمرشل گاڑیوں کو تیسرے اور چوتھے ٹریک پر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں دوسری لین استعمال کرنے والی ان گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لین ڈسپلن کی پابندی کریں اور مقررہ ٹریک استعمال کریں تاکہ ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر اور محفوظ بنایا جا سکے۔























































































