ایران نے کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ واقعہ امریکی ساختہ پیٹریاٹ دفاعی نظام کی خرابی کے باعث پیش آیا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینل کو پہنچنے والا نقصان ایرانی حملے کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ امریکی دفاعی نظام کی ناکامی کا باعث بنا۔
ترجمان کے مطابق ایک پیٹریاٹ میزائل ایرانی میزائل کو روکنے میں ناکام رہا اور واپس آ کر ایئرپورٹ کے ٹرمینل سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا۔
ایرانی حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ واقعے کی ذمہ داری ایران پر عائد کرنا حقائق کے منافی ہے، جبکہ اصل وجوہات کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
دوسری جانب کویتی حکام اور متعدد بین الاقوامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کو ڈرون اور میزائل حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے باعث ٹرمینل میں آگ بھڑک اٹھی اور اسے شدید نقصان پہنچا۔
حملے کے بعد کویت ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیے گئے تھے جبکہ کئی پروازوں کا رخ متبادل ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق واقعے میں کم از کم ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین کی جانب داغے گئے متعدد ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کیا، جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیاں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی تھیں۔
تاحال کویت کی جانب سے ایرانی دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔























































































