خیبرپختونخوا حکومت پی ایس ایل کے میچز پشاور میں کرانے کی تیاری کررہی ہے جس کے لیے ارباب نیاز کرک اسٹیڈیم کے توسیعی منصوبے کو جلد مکمل کرنے ہدایت کردی گئی ہے۔
پشاور کے واحد انٹرنیشل کرکٹ اسٹیڈیم کے توسیعی منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، ایک ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت سے توسیعی منصوبے کے تحت اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد 18 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کی جارہی ہے اسی طرح فلڈ لائٹس کو بھی منصوبے میں شامل کرلیا گیا۔
زرائع نے بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر جلد کرنے کی ہدایت کی ہے اور آئندہ ہفتے وزیراعلی کو اسٹیڈیم میں توسیعی منصوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس جنید خان کا کہنا تھا کہ اسیٹیڈیم کو بین الاقومی معیار کے مطابق بنایا جارہا ہے اسٹیڈیم میں انڈور اکیڈیمی بنائی جارہی ہے جبکہ خواتین کرکٹرز کے لیے الگ اکیڈیمی ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں کوچنگ اور کرکٹ کے معاملات پی سی بی کے پاس ہونگے اس حوالے سے ایم او یو ہونے جارہا ہے اور انتظامی اختیارات صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے پاس ہونگے.
ڈی سی اسپورٹس کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے لیے جم بنانے کے ساتھ سوئمنگ پول بنایا جارہا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ اسٹیڈیم کا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پی ایس ایل کے میچز پشاور میں کرائے جائیں ہم چاہتے ہیں کہ پشاور میں بھی ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بین الاقوامی میچ ہوں۔