قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم نےکہا ہے کہ میرا ایک ہی ہدف ہے اور وہ ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر بھروسہ ہے کہ وہ اچھی کرکٹ کھیلے گی، فاسٹ بولنگ پر بھروسہ ہے، یہاں فاسٹ بولرز اچھا پرفارم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ جو پہلے غلطیاں ہوئیں وہ نہ دہرائیں، ہمارا ورلڈ کپ شروع ہوچکا ہے، اب تمام سینئر پلیئرز کو آگے بڑھ کر ذمہ داری لینا ہوگی۔
بابر اعظم نے کہا کہ میرا ایک ہی ہدف ہے اور وہ ورلڈ کپ جیتنا ہے، انفرادی اہداف بعد میں آتے ہیں، کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں اور کامیابی حاصل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں ہائی اسکورنگ میچز نہیں نظر آرہے، شاداب خان، عماد وسیم اور حارث پہلے یہاں کھیل کر گئے ہیں، انہیں کنڈیشنز کا اندازہ ہے۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کسی کا بیٹنگ نمبر فکسڈ نہیں، صورتحال کے مطابق نمبر اوپر نیچے ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے صائم ایوب امید کے مطابق پرفارم نہیں کر پایا، صائم ایوب گیم چینجر ہے لیکن انہیں وہ باری نہیں مل سکی جسکی ضرورت تھی۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ شاداب نے مختلف کنڈیشنز میں پرفارمنس دی ہے، اس لیے اس پر بھروسہ ہے، مجھے بطور کپتان ہر کھلاڑی پر بھروسہ ہے اور شاداب پر سب سے زیادہ بھروسہ ہے۔
کپتان نے کہا کہ شاداب خان کھیل کے تینوں شعبوں میں کارآمد ہوتا ہے، امید ہے کہ یہاں کی کنڈیشنز شاداب کے لیے کارگر ثابت ہوں گی۔
بابر اعظم نے کہا کہ جو دستیاب سہولیات تھیں اس کو استعمال کرتے ہوئے پریکٹس کی ہے، بیٹرز انڈورز میں ٹریننگ کررہے ہیں، بولرز نے فیلڈ میں ٹریننگ کی۔
ایک سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہوٹل سے فاصلہ یا سہولیات پر ہم نہیں سوچ رہے، یہ بورڈ کا کام ہے، ہم نے ماضی میں بھی ایسے حالات میں کھیلا ہے، امریکا میں پہلی بار کرکٹ ہورہی ہے اس لیے یہ نہیں سوچتے کہ یہ نہیں یا وہ نہیں مل رہا۔