قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کو ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت وہ آئی سی سی کی بیٹسمینوں کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی نے ایک روزہ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے اور بیٹسمینوں کی فہرست میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا بدستور راج ہے، روہت شرما دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستانی بابر اعظم تیسرے نمبر پر قبضہ جمانے میں کامیاب رہے ہیں۔
بابر نے ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کے لئے سب سے زیادہ رنز بابراعظم بنائے، انہوں نے مجموعی طور پر 8 میچوں میں 67.7 کی اوسط سے 474 رنز بنائے، انہوں نے ورلڈکپ میں 3 نصف سنچریاں اور ایک سنچری بھی بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
آئی سی سی رینکنگ میں جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈی پلیسز چوتھے، نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر پانچویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، انگلینڈ کے جوئے روٹ ساتویں، نیوزی لینڈ کے ولیمسن آٹھویں، جنوبی افریقا کے ڈی کک نویں اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ دسویں نمبر پر ہیں۔
اوپنر امام الحق تین درجہ بہتری کے بعد گیارہویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو پائے ہیں، انہوں نے بنگلا دیش کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے زبردست سنچری بھی بنائی تھی۔
اسی طرح بولرز کی رینکنگ میں محمد عامر 28 درجہ بہتری کے بعد 12ویں پوزیشن پر آگئے، عامر نے 8 میچوں میں17 شکار کیے، شاہین آفریدی بھی ٹاپ 25 بولرز میں آگئے، 34 درجہ بہتری کے بعد آفریدی 23ویں پوزیشن پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو پائے ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ میں 5 میچز کھیلے جس میں 16 وکٹیں لیں، شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈکپ میں 5 سے زائد وکٹیں لینے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
باولرز کی فہرست میں جسپریت بھمرا پہلے، ٹرینٹ بولٹ دوسرے جب کہ کیومنز تیسرے نمبر پر آئے، جنوبی افریقا کے رابادا اور عمران طاہر بالترتیب چوتھے اور پانچویں، افغانستان کے مجیب الرحمن چھٹے، آسٹریلیا کے مائیکل اسٹارک ساتویں، افغانستان کے راشد خان آٹھویں، بھارت کے کلدیب یادیو نویں اور نیوزی لینڈ کے فرگوسن دسویں نمبر پر ہیں۔
آل راﺅنڈر کی کیٹگری میں پاکستان کے عماد وسیم چوتھے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں، بنگلا دیش کے شکیب الحسن ٹاپ پر ہیں، انگلینڈ کے بین اسٹوکس دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے اور افغانستان کے راشد خان پانچویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری ایک روزہ رینکنگ میں انگلینڈ کا راج ہے، بھارت کی دوسری اور نیوزی لینڈ کی تیسری پوزیشن ہے،آسٹریلیا چوتھے، جنوبی افریقا پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلا دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔