جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے والی تین ٹیسٹ کی سیریز کے لیے پاکستان نے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ بالر محمد عامر کا نام بھی شامل ہے۔ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سینچورین میں کھیلا جائے گا۔
دورہ جنوبی افریقہ کیلئے پاکستان کی جانب سے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ سرفراز احمد قیادت کے فرائض نبھائیں گے جبکہ محمد حفیظ، سعد علی، میر حمزہ اور بلال آصف باہر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، آف اسپنر بلال آصف کو ڈراپ کردیا گیا جبکہ محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔تین ٹیسٹ میچز کیلئے منتخب کردہ کھلاڑیوں میں فخرزمان، اظہر علی، شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم،اسد شفیق،حارث سہیل، سرفراز احمد، یاسر شاہ، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، محمد عباس، فہیم اشرف ، شاہین آفریدی اور محمد رضوان شامل ہیں۔
قومی ٹیم دورہ جنوبی افریقا کے دوران ایک تین روزہ پریکٹس میچ سمیت 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ منتخب کرکٹرز کی روانگی 13 دسمبر کو طے ہے۔
واضح رہے پاکستان کے دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز 19 دسمبر 2018 سے ساؤتھ افریقہ انویٹیشن الیون کے خلاف تین روزہ میچ سے ہو گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کیپ ٹاؤن کرے گا جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔