کراچی میں ڈالمیا کے قریب شاپنگ مال میں آگ لگ گئی فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو ادارے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12گاڑیوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں،جوہر موڑ کے قریب شاپنگ مال کی بالائی منزل پرکال سینٹرزہیں،جہاں پر عملہ موجود ہے،9افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، گیارہ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فائراینڈریسکیوکمانڈرہمایوں خان کا کہنا ہے کہ 50 سے زائد افراد کو ریسکیوکرلیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آگ عمارت کے چوتھے فلورپرلگی جس کی وجہ سے دھواں زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے کچھ حصوں میں ابھی تک آگ لگی ہوئی ہے،فائراینڈریسکیوکمانڈرہمایو ں خان کا کہنا تھا کہ عمارت کے پچھلے حصے سے 2افرادکواسنارکل کی مددسے ریسکیوکیا گیا۔
شاپنگ مال اور اس کے اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کر دی گئی ہے تاکہ آگ مزید نہ پھیل سکے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں ابھی بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں، عمارت میں دھوئیں کے اخراج کا راستہ نہیں ہے اور عمارت میں دھواں بھر جانے سے امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق امدادی کام کے دوران ریسکیو اہلکار زخمی ہوا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ بجھانے کے آلات بھی نہیں ہیں۔