فیصل آباد مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو اداروں پر حملہ کیا گیا اب لیول پلئینگ فیلڈ مانگ رہے ہیں، پی ٹی آئی بلاشبہ سیاسی جماعت ہے لیکن ان کے لیڈر نے ریڈ لائن کراس کروائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2018 میں جس شخص کو لایا گیا اس نے ملک کا بیڑہ غرق کیا، اس آدمی نے بس یہی رٹ لگائے رکھی کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2018 میں مشکل حالات تھے بہت سی قوتیں مسلم لیگ (ن) کا راستہ روک رہی تھیں، 2017 میں ڈالر 108 روپے اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا، اُس وقت دنیا بھی کہہ رہی تھی پاکستان نے اپنے مسائل پر قابو پالیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے جیلوں میں ڈالوں گا وہ خود اس کا شکار ہوگئے، جھوٹے مقدموں کے بعد ہمیں جیلوں تک بھیجا گیا، وہ شخص اپنے گناہوں کی وجہ سے جیل میں ہے لیکن وہاں ہر سہولت دی گئی، دورہ امریکا پر اس شخص نے کہا تھا نواز شریف کے جیل کمرے سے اے سی اتار دوں گا۔
اس شخص کے اس رویے کی وجہ سے ملک بد حال ہوگیا۔ اس شخص نے 9 مئی کو اداروں پر حملہ کیا اب لیول پلئینگ فیلڈ مانگ رہا ہے۔ احتجاج کا یہ مطلب نہیں ملکی دفاعی اداروں پر چڑھ دوڑیں۔ اداروں پر حملوں کو سیاسی احتجاج نہیں کہا جا سکتا۔ احتجاج کے نام پر حد سے تجاوز کرنے والوں کو معافی نہیں ملے گی۔