گڑھی خدا بخش سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان غریب ملک نہیں بلکہ پاکستان میں صرف اسلام آباد غریب ہے۔
سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی 16ویں برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جو بھی وعدے کیے انہین پورا کیا، پیپلز پارٹی نے عوام کا حق سنبھالا ہے اور آئندہ بھی حق ادا کرتی رہے گی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان غریب ملک نہیں صرف اسلام آباد غریب ہے، مسئلہ کسی شہر سے نہیں بلکہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کی سوچ سے ہے کیونکہ ان کو نظرنہیں آتا غریب پر کیا گزرتی ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ غریب پر جو گزرتی ہے یہ سب صرف سیاستدانوں کو نظر آتا ہے، غریب عوام سیاستدان کو پکڑتے ہیں کہ آپ نے ہمارے لیے کیا کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی ہم دیں گے کیونکہ ملک کو بنانا ہماری مجبوری بھی ہے، پاکستان کو بنائیں گے تو آنے والی نسلیں ہمیں یاد رکھیں گی، بہت لوگ آئے اور چلے گئے لیکن بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کا نام آج بھی زندہ ہے، یہ کمال کے لوگ تھے جنہوں نے شہادتیں قبول کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہادت ان کو نصیب ہوتی ہے جس نے انسان ذات کی خدمت کی ہو، ہمت باندھ کر رکھیں لیڈرشپ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں لوگوں کو ان کے حقوق ملیں اور ملک کو ترقی دے سکیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بہت سی سوچیں ہیں جو منشور میں بھی شامل ہیں، ہم چاہتے ہیں بلوچستان کو سیراب کریں اور گلگت کو چائنہ گیٹ بنائیں، بہت منصوبے ہیں جو منشور میں شامل ہیں جن پر کام بھی کریں گے۔