وزارت داخلہ نے کل 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملک کے تمام صوبوں سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں عام تعطیل ہوگی۔
کشمیر کے شہداء سے اظہار یکجہتی کےلیے ملک کے تمام صوبوں میں 5 فروری کی صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
یوم کشمیر کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے حصول کےلیے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔
گزشتہ روز دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا بھارت کو چاہیئے کہ وہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے میں اپنی ناکامی کو تسلیم کرے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورے کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی جیل میں تبدیل کر دیا۔