وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ ازبکستان کے شہر تاشقند پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تاشقند پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبک صدر کے درمیان ملاقات ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے خوشگوار گفتگو کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ ازبک صدر نے وزیر اعظم کو اپنی کابینہ کے ارکان سے متعارف کروایا اور وزیر اعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف بھی کرایا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے سے قبل، گزشتہ رات باکو سے تاشقند پہنچے جہاں ان کا استقبال ازبک وزیر اعظم عبداللہ عاریپوف، وزیر خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔ تاشقند ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کے استقبال کے لیے ازبک مسلح افواج کا چاک و چوبند دستہ بھی موجود تھا۔
وزیر اعظم آج تاشقند میں یادگار آزادی کا دورہ کریں گے جہاں وہ پھولوں کی چادر چڑھا کر ازبکستان کی عظیم تاریخی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور ازبکستان کی ترقی و غیور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کریں گے۔ انہیں یادگار پر ازبکستان کی 3000 سالہ تاریخ کی منبت کاری کا دورہ بھی کرایا جائے گا اور اس کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزایوف سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے مابین علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔ اس ملاقات کے بعد پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
پاکستان اور ازبکستان کے کاروباری و سرمایہ کار برادری کے مابین تعاون بڑھانے کے لیے تاشقند میں پاکستان اور ازبکستان بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف تاشقند میں ٹیکنو پارک کا دورہ بھی کریں گے تاکہ ازبکستان کی تعمیری صنعت کا مشاہدہ کر سکیں۔