امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے اور اگر بھارت نے حملہ کیا تو یہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان خطرناک صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی انتظامی کوتاہیوں کو دور کرنے کے بجائے سرحدوں سے باہر مسائل دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
سفیر پاکستان نے بھارت کو پہلگام حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی، اور کہا کہ پاکستان بھارت کے پانی بند کرنے کو جنگی اقدام سمجھتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم خطے میں عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتے۔