پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 634 غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز مجموعی طور پر 825 افغان شہریوں کو افغانستان واپس بھیجا گیا، جن میں سے 823 افراد کو طورخم اور 2 کو انگور اڈہ کے راستے سرحد پار کروایا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق، واپس جانے والوں میں 634 مہاجرین وہ تھے جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے، جبکہ افغان رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے 191 افراد نے رضاکارانہ طور پر واپسی اختیار کی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ستمبر 2023 سے اب تک دو مراحل میں واپس جانے والے افغان شہریوں کی مجموعی تعداد 546,285 ہو چکی ہے۔