چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب حسین نعیمی کا کہنا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے سے نوازنا ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” ایک نہایت اہم واقعہ تھا، جس میں پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور حکمت عملی سے بھرپور جواب دیا اور چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
راغب حسین نعیمی نے مزید کہا کہ دشمن جب حملے کا دباؤ برداشت نہ کر سکا تو اس نے جنگ بندی کے لیے امریکہ سے مدد مانگی۔ امریکی صدر نے سیز فائر کے قیام میں فعال کردار ادا کیا۔
اس موقع پر انہوں نے خیبر پختونخوا میں شروع کی گئی “روشن مستقبل” اور “سہارا کارڈ” اسکیموں کا بھی ذکر کیا، جن کے تحت یتیم بچوں اور بیواؤں کو ماہانہ 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیز فائر کے لیے امریکی صدر نے پاکستان سے رابطہ کیا جس کے بعد یہ مختصر جنگ اختتام پذیر ہوئی، اور اس جنگ میں پاک فضائیہ کی برتری واضح طور پر سامنے آئی۔
راغب نعیمی نے کہا کہ پاکستان نے اسحاق ڈار کی قیادت میں متعدد سفارتی کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور عطا تارڑ نے قومی و بین الاقوامی میڈیا کو مؤثر انداز میں ہینڈل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ میں کامیابی نے نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پوری قوم کے حوصلے بلند کیے، اور جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا درجہ دینا اُن کی شاندار خدمات کا عملی اعتراف ہے۔