بھارت کے ایک معروف فلم میکر نے اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کو پروموٹ کرتے ہیں اور ان کے بقول دلجیت کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔
پنجابی فلم انڈسٹری کے نمایاں چہرے دلجیت دوسانجھ، اپنی نئی فلم سردار جی 3 کے ٹریلر ریلیز کے بعد سے ہندو انتہاپسندوں کے نشانے پر ہیں۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے موجودہ ماحول میں ان پر پاکستانی فنکاروں کے حق میں رویہ رکھنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
فلم سردار جی 3 میں دلجیت کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر بھی شامل ہیں، اور ٹریلر کے بعد یہ تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا۔ فلم میکر اشوک پنڈت نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دلجیت دوسانجھ ہمیشہ پاکستانی اسٹارز کو سپورٹ کرتے ہیں، جس پر فلمی حلقوں کو غور کرنا چاہیے۔
اشوک پنڈت نے مطالبہ کیا کہ پروڈیوسرز کی تنظیم کو چاہیے کہ وہ آئندہ دلجیت کو کسی بھی فلم میں کاسٹ نہ کریں۔ ٹریلر کے اجرا کے بعد دلجیت پر تنقید کا سلسلہ نہ صرف فلم انڈسٹری میں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی شروع ہو چکا ہے، جہاں انہیں بھارتی انتہا پسند حلقوں کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا ہے۔