کراچی میں آئندہ دو روز کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے شہر میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کے خطرے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔
اس وقت بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہونے لگا ہے جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نیو کراچی کے علاقے میں بارش کے بعد صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ خاص طور پر اللہ والی اسٹاپ کی سڑک پر گہرے گڑھوں میں پانی بھر گیا ہے جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔ بارش کے ساتھ ہی علاقے کے نالے بھی ابل پڑے ہیں، لیکن انتظامیہ کہیں دکھائی نہیں دے رہی، جس کے باعث شہریوں کی زندگی اذیت میں تبدیل ہو چکی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے