محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 18 جولائی تک مون سون کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جو چند مقامات پر شدید موسلا دھار بارش میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور جنوبی و بالائی سندھ کے اکثر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے دوران بعض مقامات پر تیز ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، لاہور، نارووال، ساہیوال، جھنگ اور فیصل آباد سمیت وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں شدید بارشوں کی توقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، ملتان، خانیوال، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، راجن پور، لیہ اور کوٹ ادو بھی اس سلسلے کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے سوات، دیر، چترال، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی اور بنوں میں بھی تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سوات اور مالاکنڈ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
بلوچستان کے بارکھان، قلات، خضدار، ژوب، کوہلو اور لورالائی جیسے علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ سندھ کے جنوبی اور ساحلی اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، سانگھڑ، سکھر، گھوٹکی، حیدر آباد، لاڑکانہ، اور جیکب آباد میں 18 سے 20 جولائی کے دوران بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج بھی وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش متوقع ہے، جبکہ آئندہ دو روز میں بارشوں کا یہ سلسلہ جنوبی پاکستان کی جانب منتقل ہو جائے گا، جس کے بعد مغربی علاقوں میں بھی اس کی شدت بڑھے گی۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔