صوبائی محتسب نے ایک بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی پر 25 لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ کراچی کی رہائشی صارف مہرین زہرہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سنایا گیا ہے، جس میں مونس علوی کے خلاف شکایات پر غور کیا گیا تھا۔
صوبائی محتسب نے اپنے تحریری فیصلے میں واضح کیا ہے کہ مونس علوی پر لگائے گئے الزامات ثابت ہو چکے ہیں، اس لیے انہیں سی ای او کے عہدے سے برطرف کیا جائے اور ان پر مالی جرمانہ بھی نافذ کیا جائے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے رواں ماہ ہی مونس علوی کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ 7 جولائی 2025 کو ہونے والے بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سید مونس عبداللہ علوی کو 30 جولائی سے ایک مرتبہ پھر سی ای او مقرر کر دیا جائے گا۔
مونس علوی 2008 سے کے الیکٹرک سے وابستہ ہیں اور کمپنی میں خدمات انجام دینے کے دوران وہ چیف فنانشل آفیسر، کمپنی سیکرٹری اور ہیڈ آف ٹریژری جیسے اہم عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔