چین اور روس کے وزرائے خارجہ کے درمیان بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں امریکا ایران تنازع، ایشیا پیسیفک خطے کی صورتحال اور یوکرین بحران سمیت مختلف عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اس ملاقات کو بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال شدید اتار چڑھاؤ کا شکار ہے، اور یکطرفہ بالادستی کے منفی اثرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث عالمی استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس موقع پر کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال کو کئی سنگین چیلنجز درپیش ہیں، اور مختلف خطوں میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، جس پر مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند ممالک روس اور چین کو محدود کرنے کے لیے چھوٹے گروہ تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک اپنے مفادات کے تحفظ اور عالمی سطح پر توازن قائم رکھنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔