کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج دوپہر سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی لائن کو واٹر نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان کے مطابق اس عمل کے دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 9 میں سے 7 پمپ 48 گھنٹوں کے لیے بند رہیں گے، جبکہ 27 اپریل کو ان 7 پمپوں سے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی، تاہم باقی 2 پمپ مزید 5 روز تک بند رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران نارتھ کراچی، سرجانی، اسکیم 33 اور گلستانِ جوہر سمیت کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ گلشن اقبال، صدر، لانڈھی، کورنگی اور چنیسر ٹاؤن کے بعض علاقوں میں بھی پانی کی سپلائی متاثر رہے گی، جبکہ نیپا، صفورا اور سخی حسن کے ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 250 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا، جس سے پانی کی قلت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔






















































































