شارجہ سے پاکستان واپسی کے دوران لاپتا ہونے والے نجی کارگو طیارے کا ملبہ سمندر سے مل گیا۔
طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں ملا۔ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے دوران لاپتا طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا۔
مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے بحری اور فضائی اثاثے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شارجہ سے پاکستان آنے والا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر پر پرواز کے دوران لاپتا ہوگیا تھا۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے طیارے کے لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دوران پرواز رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی۔
طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی، تاہم اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا۔
حکام کے مطابق طیارے کی بلندی میں کمی کی شرح 15 ہزار فٹ ریکارڈ کی گئی۔
طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور رات 9 بج کر 21 منٹ پر طیارہ کراچی سے 155 میل مغرب میں ریڈار سے غائب ہوگیا۔





















































































