سعودی عرب نے بار بار عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا جاری کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے تحت زائرین ایک سال کے دوران متعدد مرتبہ مملکت کا سفر کر سکیں گے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق نئے عمرہ ویزے کی مدت ایک سال ہوگی، جبکہ ویزا ہولڈر اس ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 90 دن تک سعودی عرب میں قیام کر سکیں گے۔ یہ 90 دن ایک ہی سفر میں یا مختلف اوقات میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق ہر نئے سفر کے لیے منظور شدہ سروس فراہم کنندہ کے ذریعے نسک (Nusuk) پلیٹ فارم پر سروس پیکیج حاصل کرنا ضروری ہوگا، جبکہ عمرہ پرمٹ بھی نسک ایپ کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق یہ ویزا حج سیزن کے دوران قابلِ استعمال نہیں ہوگا اور صرف عمرہ کی ادائیگی کے لیے مخصوص ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد زائرین کو زیادہ سہولت فراہم کرنا اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔























































































