جنرل سید عامر رضا نے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کا منصب سنبھال لیا، جہاں انہیں اعزازی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل سید عامر رضا نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق منصب سنبھالنے کے بعد جنرل سید عامر رضا نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل سید عامر رضا کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اُس وقت کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کے ساتھ انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں اس تقرری اور ترقی کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔
جنرل سید عامر رضا نے 1988 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں، جبکہ انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔
انہیں جنوری 2025 میں چیف آف جنرل اسٹاف، جنرل ہیڈکوارٹرز تعینات کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ فور کور کے کمانڈر اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے چیئرمین سمیت مختلف اہم عسکری ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔


















































































