سندھ کابینہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات منظور کرتے ہوئے مشترکہ مسابقتی امتحان کے لیے عمر کی حد اور شرکت کے مواقع بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں سی ایم ہاؤس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سندھ پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات کے ساتھ مشترکہ مسابقتی امتحان کے لیے عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 33 سال کرنے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے مشترکہ مسابقتی امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ 2026 کے مشترکہ مسابقتی امتحان کے لیے کامیابی کا کم از کم معیار 40 فیصد سے کم کر کے 33 فیصد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
صوبائی کابینہ نے ایک پرچے پر مشتمل امتحانات کے لیے کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔




















































































