نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کی شراکت داری کی علامت ہے اور یہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی قوانین کے غیر منصفانہ اطلاق سے تفریق پیدا ہوتی ہے۔ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ بین الاقوامی سلامتی کا بنیادی ڈھانچہ شدید دباؤ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور معاشی روابط چاہتا ہے اور ایسے مؤثر اقدامات کا حامی ہے جن سے کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بدلتی عالمی صورتحال میں پاکستان دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیے، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا سے تعلقات بھی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانا اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ کاروبار کے فروغ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہیں، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔

















































































