آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم نے ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا، انھوں نے انگلینڈ کے خلاف ففٹی سے کیریئر بیسٹ 896 ریٹنگ پوائنٹس بھی حاصل کرلیے۔
انگلینڈ سے واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں 65 رنز اسکور کرنے والے بابر اعظم نے بیٹسمین رینکنگ میں اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مضبوط کرلیا،ان کے ریٹنگ پوائنٹس کیریئر بیسٹ 896 ہوگئے ہیں، اسی مقابلے میں 50 رنز بنانے والے حارث سہیل بھی 218 سے 141 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم بولرز رینکنگ میں دوسری پوزیشن پانے میں کامیاب رہے،2 برس قبل ٹاپ پوزیشن پر فائز رہنے والے عماد نے ہم وطن شاداب خان اور انگلینڈ کے عادل رشید کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ پوزیشن پائی، شاداب بیماری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی3 درجے ترقی پاکر 50 سے 47 ویں نمبر پر آگئے۔
ٹیم رینکنگ میں پاکستان کی نمبر ون پوزیشن کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں اور اس کے پوائنٹس 283 ہیں،البتہ کامیابی کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ سے دوسری پوزیشن چھین ہے، اس کے پوائنٹس 266 ہوچکے جبکہ پروٹیز کے 262 ہیں، ایک پوائنٹ کی کمی کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم اس وقت چوتھے نمبر پر موجود ہے، اس کے اور پانچویں نمبر کی بھارتی ٹیم میں بھی صرف ایک ہی پوائنٹ کا فرق ہے۔