کراچی میں چلنے والی سرد ہوائیں رک گئیں، دن میں درجہ حرارت میں اضافہ

کراچی میں چلنے والی سرد ہوائیں رک گئیں، موسم تبدیل ہوگیا جب کہ شہر کا موسم معتدل ہونے پر دن میں درجہ حرارت بڑھنا شروع ہوگیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خنک ہوائیں بند ہونے کے بعد شہر کے کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں گزشتہ چند روز کے مقابلے میں کئی ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوگیا ، کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

جمعرات کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے دھند کی کیفیت طاری رہی جس کی وجہ سے حدنگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کوئٹہ کی جانب سے چلنے والی شمال مشرقی ہواؤں کا دورانیہ انتہائی کم ہوگیاہے شہر میں بیشتر وقت سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چل رہی ہیں تاہم 24 گھنٹوں کے دوران انتہائی مختصر وقت کے لیے بلوچستان کی جانب سے چلنے والی شمالی ہوائیں شہر پراثراندازہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کوشہر کا مطلع کہیں صاف اور اور کہیں جزوی ابر آلود جبکہ صبح کے وقت دھند چھانے کا امکان ہے،واضح رہے کہ اس سال موسم سرما طویل رہا ہے اور اب موسم بہار کی آمد آمد ہے جس کے دوران شہر کا موسم معتدل ہوچکا ہے۔

اس سال موسم سرما کے دوران ملک بھر میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں سے دھند اور فوگ کی کیفیت نے زیادہ پریشان کن صورت اختیار نہیں کی ،سندھ اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں ہونے والی برف باری اور بارشوں سے سیلابی کیفیت پیداہوگئی تھی۔

رواں سال بلوچستان کے شمالی علاقوں ،ضلع لسبیلہ اور حب ڈیم کے کیچ منٹ ایریا میں شدید بارشوں سے حب ڈیم کی سطح بلند ہوگئی ،ذخیرہ آب بلند ہونے سے کراچی کے شہریوں کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے ۔