شہر قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں کےالیکٹرک کی نااہلی نےکراچی والوں کی زندگی عذاب بنادی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، لیاقت آباد، قائد آباد سمیت متعدد علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں نے رات جاگ کر گزاری، ایف بی ایریا کے مختلف بلاکس، لیاقت آباد، صدر اور دیگر علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر کئی گھنٹوں کی بجلی کی بندش نے اہلیان کراچی کی زندگی اجیرن کردی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں اتوار تک گرمی میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے،اور آج بھی پارہ 40 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔
وفاقی حکومت نے گذشتہ روز کراچی میں بجلی شارٹ فال پر گیس پریشر میں کمی پر کے الیکٹرک کا بہانہ مسترد کردیا تھا، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کیلئے موجودہ تقسیم کارنظام میں بہتری لانی چاہئے۔
وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ضرورت سے زائد گیس فراہم کر رہی ہے۔ کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے 210 مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔