اسکردو میں واقع دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں لاپتا ہونے والے 10 کوہ پیماؤں میں سے 4 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ دیگر 6 افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
بیس کیمپ ذرائع کے مطابق ایک اور کوہ پیما کی لاش ملنے کے بعد اب تک مجموعی طور پر 4 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دشوار گزار راستوں اور خراب موسمی حالات کے باوجود سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک، جس کی بلندی 8,047 میٹر ہے، پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں متعدد کوہ پیما لاپتا ہو گئے تھے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کی دوپہر پیش آیا تھا، جب کوہ پیماؤں کا ایک گروپ چوٹی کی جانب پیش قدمی کر رہا تھا۔ حادثے کے بعد متاثرہ افراد سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
لاپتا ہونے والوں میں معروف نیپالی کوہ پیما نمس دائی اور پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق متاثرہ گروپ میں نیپال سے تعلق رکھنے والے پانچ کوہ پیما بھی موجود تھے۔
حکام نے تاحال لاشیں ملنے والے تمام افراد کی شناخت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔




















































































