اسلام آباد: آئندہ پانچ سال کے لیے نئی آٹو پالیسی کی منظوری عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت سے مشروط کردی گئی ہے، جس کے باعث پالیسی کے اجرا میں مزید تاخیر کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
نئی آٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے، تاہم اس کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ جائزہ مذاکرات کے بعد دی جائے گی۔
اس صورتحال کے باعث نئی آٹو پالیسی کی حتمی منظوری فی الحال زیر التوا ہے اور اس کے باقاعدہ اجرا میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کے مطابق پالیسی کا مسودہ مکمل ہوچکا ہے، تاہم آئی ایم ایف کی جائزہ ٹیم کے ساتھ اس پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جائزہ ٹیم 23 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کرے گی، جس کے دوران نئی آٹو پالیسی کا مسودہ بھی زیر بحث آئے گا۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت اور جائزہ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد پالیسی کو حتمی منظوری کے لیے آگے بڑھایا جائے گا۔






















































































