پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے سے جاری مندی ختم ہونے کے بعد گزشتہ دو دن سے مثبت رحجان دیکھا جارہا ہے اور انڈیکس دوبارہ 34 ہزار پوائنٹس سے اوپر چلا گیا ہے۔
منگل کی صبح سب جب مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو انڈیکس 33996 پر تھا اور پہلے 30 منٹ میں کوئی خریدار نہ ہونے کے سبب انڈیکس 33918 تک گر گیا۔
بعد ازاں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا اور مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی جس سے انڈیکس دوبارہ 34 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
خبر فائل کرنے تک مارکیٹ میں11,729,380 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 325,691,227 پاکستانی روپے رہی۔
پیر کے روز بھی انڈیکس میں مجموعی طور پر 91 پوائنٹ کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ 33996 کی سطح پر بند ہوئی تھی۔
مالی سال 2018-19 کے آخری ہفتے کے آغاز پر انڈیکس35125 پر تھا اور آخری روز مارکیٹ 33901 پر بند ہوئی جب کہ پانچ دنوں میں مجموعی طور پر 1224 پوائنٹس کم ہوئے تھے۔