سپریم کورٹ میں ای کورٹ کے تحت کوئٹہ کے مقدمات کی سماعت جاری ہے، جہاں عدالت نے ایک کیس میں شہری کو چھری مارکر زخمی کرنے کے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین3 رکنی بینچ نے ای لنک کے ذریعے کوئٹہ رجسٹری میں شہری کی سزا بڑھانے کی اپیل پر سماعت کی، سپریم کورٹ نے شہری کو زخمی کرنے کے ملزم کی دو سال کی سزا کالعدم قرار دیدی اورجرمانے کی رقم ایک ماہ میں ادا کرنے کا حکم دیا، ملزم مشتاق احمد پر علی رضا کو چاقو سے زخمی کرنے کا الزام ہے۔
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کوئٹہ والوں کو سلام، آج تاریخی دن ہے، میری خواہش تھی ای کورٹ کا آغازکوئٹہ سے ہوتا لیکن تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہمیں کراچی سے آغاز کرنا پڑا۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ چھٹیوں کے بعد خصوصی بینچ صرف ویڈیو لنک سے مقدمات سنے گا، چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ نادرا کے شکرگزار ہیں انہوں نے بہت تعاون کیا، ای کورٹ کے ذریعے پیسے اور وقت کی بچت ہوگی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ میں بیک وقت مقدمات سنیں گے۔