وزیر اعظم عمران خان نے کلبھوشن یادیو کیس میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کلبھوشن یادیو کیس میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، عدالت نے بھارتی کمانڈر کلبھوشن یادیو کو رہا یا بھارت کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کلبھوشن یادیو کی بریت، رہائی اور بھارت کو حوالگی کی استدعا مسترد کردی گئی، وہ پاکستانی عوام کیخلاف جرائم کا ذمہ دار ہے، پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔
کمانڈر کلبھوشن یادیو کو بے گناہ قرار دیکر رہا کرنے اور ہندوستان واپس نہ بھجوانے کا عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ وہ پاکستانی عوام کیخلاف جرائم کا ذمہ دار ہے۔ پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 18, 2019
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت اور بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق بھارتی درخواست کو مسترد کردیا تھا، جب کہ پاکستان کی فوجی عدالت سے کلبھوشن کو ملنے والی سزا کو چیلنج کرنے کی بھارتی استدعا کو بھی مسترد کردیا تھا۔