انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر پاکستانی کھلاڑی ثنا میر کو ویمنز کمیٹی میں شامل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ثنا میر مذکورہ کمیٹی میں شامل تین موجودہ خواتین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، انگلینڈ کی سابق خاتون کرکٹر کلیئر کانر کو کمیٹی کی چیئرپرسن برقرار رکھا گیا ہے۔ کمیٹی میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی اسپنر ثناء میر کے علاوہ آسٹریلیا کی خاتون کرکٹر لیسا اسٹالیکر اور بھارتی کھلاڑی متھالی راج شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نامور خاتون کرکٹر ثنا میر کو انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ویمنز کمیٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی ہے،چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)احسان مانی نے کہاہے کہ ثنا میر کو بورڈ کی طرف سے مبارکباد پیش کرتاہوں،ثنا میر اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر خواتین کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
نامزدگی پر ثنا میر نے کہا ہے کہ کرکٹ کے اعلیٰ ترین فورم پرموجودہ کرکٹرز کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، کھیل کے فروغ کے لیے کمیٹی میں موجودہ کھلاڑیوں کا انتخاب آئی سی سی کا قابل ستائش عمل ہے۔