وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم سفارتی دورے پر 24 گھنٹوں کے اندر دوسری بار ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔
رپورٹس کے مطابق محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ایک ہفتے کے دوران دوسری ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران مذاکرات، افہام و تفہیم اور سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
محسن نقوی نے اپنے دورۂ تہران کے دوران ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل احمد وحیدی سے بھی ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ پانچ روز قبل بھی ایران کے دورے پر گئے تھے، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دورہ مکمل کرنے کے بعد محسن نقوی صرف 24 گھنٹے قبل پاکستان واپس پہنچے تھے، تاہم وہ دوبارہ اہم مشاورت کے لیے آج سہ پہر تہران روانہ ہو گئے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔























































































